Feb ۱۰, ۲۰۲۴ ۲۰:۲۳ Asia/Tehran
  • پاکستان: آصف علی زرداری اور شہباز ملاقات کی اندرونی کہانی، مریم نواز کو وزیراعلیٰ بنانے کی تجویز

گزشتہ روز لاہور میں پاکستان کے سابق صدر آصف علی زرداری اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے درمیان ملاقات ہوئی جس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔

سحرنیوز/ پاکستان: میڈیا ذرائع کے مطابق گزشتہ روز لاہور میں پاکستان کے سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے درمیان ہونے والی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس ملاقات میں آصف زرداری نے مریم نواز کو وزیر اعلیٰ بنانے کی تجویز پیش کی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری اور شہباز شریف کی ملاقات مقتدر حلقوں کے کہنے پر ہوئی اور دعویٰ کیا کہ اس سے پہلے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے آصف علی زرداری سے ملنے سے انکار کر دیا تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ پنجاب کے نگراں وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ثالث کا کردار ادا کیا جس کے بعد ان کی رہائش گاہ پر دونوں رہنماؤں کی ملاقات ہوئی، دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے الیکشن مہم میں تنقید پر گلے شکوے بھی کیے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے آصف زرداری سے پیپلز پارٹی کی قیادت کی جانب سے بے جا تنقید کا شکوہ کیا جس پر آصف زرداری نے کہا کہ وہ الیکشن کا حصہ تھا، میاں صاحب اس کو بھول جائیں۔

ذرائع کے مطابق اس موقع پر آصف زرداری نے بھی انہیں یاد دہانی کرائی کہ میاں صاحب آپ بھی تو جلسوں میں پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے رہے ہیں لیکن اب ہمیں حکومت سازی کے لیے معاملات کو طے کرنا چاہیے۔

ذرائع نے دعویٰ کیا کہ سابق صدر آصف زرداری نے مریم نواز کو وزیر اعلیٰ بنانے کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت میں استحکام کے لیے مل کر فارمولا طے کرنا ہو گا۔

انہوں نے سابق وزیر اعظم سے کہا کہ ہم اپنی جماعت سے مشاورت کرتے ہیں اور آپ بھی کر لیں۔

 

ٹیگس