Feb ۲۲, ۲۰۲۴ ۱۳:۲۹ Asia/Tehran
  •  پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات 3 مارچ کو

پاکستان تحریک انصاف نے انٹرا پارٹی انتخابات 3مارچ کو کرانےکااعلان کردیا ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی 23اور24 فروری کو جمع کرائے جاسکتے ہیں۔

شیڈول کے مطابق پی ٹی آئی انٹراپارٹی انتخابات کیلئے سکروٹنی 25فروری کو ہوگی جبکہ پی ٹی آئی انٹراپارٹی انتخابات میں کاغذات نامزدگی پر فیصلے 27فروری تک ہوں گے۔

پی ٹی آئی انٹراپارٹی انتخابات کیلئے پولنگ 3 مارچ کو ہوگی، پی ٹی آئی انٹراپارٹی انتخابات کیلئے پولنگ سنٹرل آفس سمیت چاروں صوبائی سیکرٹریٹ میں ہوگی۔

واضح رہے کہ 23 نومبر 2023 کو الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کو اپنے انتخابی نشان کے طور پر بلے کو برقرار رکھنے کے لیے 20 دن کے اندر اندر پارٹی انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا جس کے بعد پی ٹی آئی نے 2 دسمبر 2023 کو انٹرا پارٹی انتخابات منعقد کرائے تھے جس میں بیرسٹر گوہرعلی خان بلامقابلہ پارٹی چیئرمین منتخب ہوگئے تھے۔

بانی رکن پی ٹی آئی اکبر ایس بابر سمیت دیگر نے انٹرا پارٹی انتخابات کالعدم قرار دینے کی درخواستیں دائر کیں جنہیں قابل سماعت قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریک انصاف کو نوٹس جاری کر دیا تھا۔

بعد ازاں 22 دسمبر کو الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات کو کالعدم قرار دے کر انتخابی نشان واپس لے لیا تھا۔

26 دسمبر کو پشاور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کا پی ٹی آئی سے ’بلے‘ کا نشان واپس لینے کا فیصلہ معطل کردیا تھا۔

بعدازاں 30 دسمبر کو الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے انتخابی نشان سے متعلق پشاور ہائی کورٹ کے حکم امتناع کے خلاف نظرثانی کی درخواست دائر کر دی تھی۔

14 جنوری کو سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کو ’بلے‘ کا انتخابی نشان واپس کرنے کے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف الیکشن کمیشن کی جانب سے دائر درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن کا فیصلہ درست اور پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا تھا، جس کے بعد پی ٹی آئی ’بلے‘ کے انتخابی نشان سے محروم ہوگئی تھی اور اس کے امیدواروں نے آزاد حیثیت سے الیکشن 2024 میں حصہ لیا تھا۔

ٹیگس