Feb ۲۹, ۲۰۲۴ ۱۷:۲۰ Asia/Tehran
  •  گوادر میں موسلادھار بارش اور سیلاب نے تباہی مچا دی ، درجنوں بستیاں اور تجارتی مراکز منہدم

گوادر میں سیلاب کے سبب جمع ہونے والا پانی گھروں میں داخل ہونے سے درجنوں بستیاں اور تجارتی مراکز منہدم ہو گئے ہیں۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے صوبے بلوچستان کے نگراں وزیراطلاعات جان اچکزئی نے کہا ہے کہ حالیہ طوفانی بارشوں کے بعد گوادر کو تشویشناک صورتحال کے باعث آفت زدہ قرار دے دیا گیا ہے۔

بلوچستان کے نگراں وزیراطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ گوادر کو آفت زدہ قرار دینے کے حوالے سے نگراں وزیراعلیٰ نے سمری پر دستخط کردیے ہیں۔

واضح رہے کہ سیلاب کے سبب جمع ہونے والا پانی گھروں میں داخل ہونے سے درجنوں بستیاں اور تجارتی مراکز منہدم ہو گئے جبکہ سڑکیں بری طرح متاثر ہوئیں، کوسٹل ہائی وے کو نقصان پہنچنے کے باعث کراچی اور گوادر کے درمیان ٹریفک بحال نہ ہو سکی۔

مقامی انتظامیہ کی جانب سے طلب کیے گئے نیم فوجی دستے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئے اور ریسکیو اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں، گوادر کی ضلعی انتظامیہ نے بارش سے متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی صورتحال کا اعلان کر دیا۔

حکام نے بتایا کہ خواتین اور بچوں سمیت تقریباً 280 افراد (جن کے مکانات منہدم ہوچکے ہیں) کو بچا کر جی ڈی اے ریسٹ ہاؤسز اور چائنہ اسکول منتقل کر دیا گیا ہے، 100 سے زائد مکانات کی دیواریں بہہ گئیں۔

ٹیگس