Mar ۰۵, ۲۰۲۴ ۱۲:۴۲ Asia/Tehran
  • بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے قومی اسمبلی میں قرارداد

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں اور قیدی صحافیوں کی رہائی کے لیے قرارداد پارلیمنٹ ہاؤس میں جمع کرادی۔

سحر نیوز/ پاکستان:  بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کی قرارداد پر پی ٹی آئی کے 13 ممبران قومی اسمبلی نے دستخط کیے ہیں، قرارداد سابق اسپیکر اسد قیصر نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ قومی اسمبلی میں جمع کرائی۔

قرارداد کے متن میں آیا ہے بانی پی ٹی آئی پر مقدمات ختم کیے جائیں اور انہیں رہا کیا جائے، ان کے مقدمات اور قانون کا غلط استعمال ختم کیا جائے۔ متن میں کہا گیا ہے کہ شاہ محمود قریشی، پرویز الہٰی، یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، صنم جاوید، اعجاز چوہدری اور محمودالرشید کو رہا کیا جائے۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف مقدمات سیاسی ہیں جن کی کوئی حیثیت نہیں، ان پر مقدمات قوم و ملک کے مفاد میں نہیں، عمران ریاض خان اور اسد طور کے خلاف مقدمات ختم کیے جائیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔

مظاہرین نے لاہور میں جناح ہاوس پر بھی دھاوا بول دیا تھا اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔

بعدازاں ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔

ٹیگس