پاکستان: چینی انجینئروں کی گاڑی پر خودکش حملہ، 5 چینی باشندوں سمیت 6 افراد ہلاک
خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ میں غیر ملکیوں کی گاڑی پر خودکش دھماکے میں 5 چینی باشندوں سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پولیس کے مطابق واقعہ بشام کے قریب اس وقت پیش آیا جب سامنے سے آنے والی دھماکا خیز مواد سے بھری کار غیر ملکیوں کی گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے بعد ایک زوردار دھماکہ ہوا۔ دھماکے کی شدت سے چینی انجینئرز کی گاڑی نیچے گہری کھائی میں جاگری اور اس میں آگ لگ گئی۔
ڈی آئی جی ملاکنڈ کے مطابق غیر ملکیوں کی گاڑی اسلام آباد سے کوہستان جارہی تھی۔ بعض اطلاعات کے مطابق کار میں سوار چینی انجینئرز داسو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ پر کام کرتے تھے اور داسو جارہے تھے۔
صدرِ پاکستان آصف علی زرداری، وزیرِ اعظم شہباز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بشام میں چینی باشندوں پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
جاری کیے گئے بیان میں صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے حملے میں چینی باشندوں کی ہلاکت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ہلاک چینی باشندوں کے اہلِ خانہ اور چینی حکومت سے اظہارِ تعزیت بھی کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان دشمن قوتیں پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔
ادھر چین نے شانگلہ میں گاڑی پر حملے میں اپنے باشندوں کی ہلاکت پر مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
چینی سفارت خانے نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستانی حکام ضلع شانگلہ میں گاڑی پر حملے میں چینی باشندوں کی ہلاکت کی مکمل تحقیقات کریں۔
چینی سفارت خانے اور قونصل خانے نے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ دہشت گرد حملے میں دونوں ملکوں کے متاثرین سے اظہار افسوس کرتے ہیں۔