Apr ۰۲, ۲۰۲۴ ۱۷:۲۲ Asia/Tehran
  • سینیٹ انتخابات: پنجاب سے مسلم لیگ (ن) اور سندھ سے پیپلزپارٹی نے میدان مار لیا

پنجاب سے مسلم لیگ (ن) اور سندھ سے پیپلزپارٹی نے سینیٹ کے انتخابات میں میدان مار لیا ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: سینیٹ کی 19 نشستوں کے لیے قومی ، سندھ اور پنجاب کی اسمبلیوں میں ووٹنگ ہوئی، پاکستان پیپلزپارٹی نے سب سے زیادہ 11 اور مسلم لیگ (ن) نے 6 نشستیں حاصل کرلیں جبکہ سندھ سے آزاد امیدوار فیصل واڈا بھی کامیاب ہوگئے۔

اسلام آباد کی ٹیکنوکریٹک کی نشست پر وزیرخارجہ اسحاق ڈار کی کامیابی کا نتیجہ سامنے آ گیا۔ اسی طرح جنرل نشست پر پیپلز پارٹی کے رانا محمودالحسن 224 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے۔

سندھ سےسینیٹ کی 12 نشستوں پر 20 امیدوار مدمقابل تھے، جن میں سے 10 پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی)، ایک نشست متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان اور ایک آزاد امیدوار نے حاصل کی۔

 پنجاب میں 12 نشستیں خالی ہوئی تھیں جن میں سے 7 پر امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوگئے اور آج 5 نشستوں پر مقابلہ ہوا۔

لاہور سے ٹیکنوکریٹ کی نشست پر محمد اورنگزیب اور مصدق ملک نے کامیابی حاصل کرلی۔

بلوچستان اسمبلی سے تمام 11 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں سینیٹ کی 11 نشستوں پر انتخابات ملتوی کردئیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سال سینیٹ کی 48 نشستیں خالی ہوئی تھیں جن میں سے 18 پر سینیٹرز بلا مقابلہ منتخب ہوگئے۔

ٹیگس