کیا پیپلز پارٹی وفاقی حکومت میں شامل ہو گی؟
آئینی کلیدی عہدوں کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی نے وفاقی حکومت میں شمولیت پر مشاورت شروع کر دی۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے وزیر اعظم شہبازشریف نے ایک مرتبہ پھر پیپلز پارٹی کو وفاقی حکومت میں شمولیت کی پیشکش کی جس پر مشاورت کا عمل جاری ہے، پیپلز پارٹی کی حکومت میں شمولیت پر اہم وفاقی وزارتیں ملنے کا قوی امکان ہے۔
پارٹی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی سربراہی بھی پیپلز پارٹی کو دی جائے گی، اتفاق رائے کی صورت میں بی آئی ایس پی کی چیئرپرسن روبینہ خالد ہوں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر پاکستان، چیئرمین سینیٹ کے بعد پی پی پی کو دو اور اہم آئینی عہدے گورنرز کی صورت میں مل چکے ہیں تاہم پیپلز پارٹی کی جانب سے کابینہ کا حصہ بننے سے متعلق تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
پیپلز پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کے سی ای سی اجلاس یا پھر ممبران کونسل سے مشاورت کے بعد حکومت میں شمولیت سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا، کابینہ میں شامل نہ ہونے کا فیصلہ بھی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے ہی کیا تھا اب بھی فیصلہ سی ای سی ہی کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر پیپلز پارٹی کو اس ملک کے وزیر اعظم شہباز شریف نے اہم وزارتیں دیں تو پیپلز پارٹی وفاقی حکومت میں شمولیت اختیار کر لے گی۔