کشمیر کے حالات انتہائی کشیدہ کاروباری مراکز، دفاتر اور تعلیمی ادارے بند
احتجاج کے دوران مشتعل مظاہرین اور پولیس آمنے سامنے آگئے جس کے دوران پتھراؤ کے جواب میں پولیس نے آنسوگیس کی شیلنگ کی ۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی مرکزی قیادت نے پرتشدد واقعات سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔
مرکزی قیادت نے ان پرتشدد واقعات سے نہ صرف لاتعلقی کا اظہار کیا بلکہ اس بات کا اعادہ کیا کہ ہماری تحریک پر امن ہے اور رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ریاست پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ کسی طور پر بھی قابل قبول نہیں ، ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے۔
یاد رہے کہ 10 مئی سے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں سستی بجلی اور سستے آٹے کی فراہمی کے لیے احتجاج اور ہڑتال جاری ہے۔
ہڑتال اور احتجاج کے آج تیسرے روز آزاد کشمیر بھر میں تمام کاروباری مراکز، دفاتر اور تعلیمی ادارے بند ہیں۔
احتجاج کے دوران مشتعل مظاہرین اور پولیس آمنے سامنے آگئے جس کے دوران پتھراؤ کے جواب میں پولیس نے آنسوگیس کی شیلنگ کی۔
مظاہرین نے مہنگی بجلی نہ منظور، مہنگا آٹا نہ منظور کے نعرے لگائے، ضلعی انتظامیہ نے میر پور میں دفعہ 144 نافذ کررکھی ہے۔ مظاہرین کے ساتھ تصادم کےدوران گولی لگنے سے زخمی اے ایس آئی جاں بحق ہوگئے تھے۔
عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے مہنگائی اور ٹیکسز کے خلاف میرپور سے مظفرآباد تک لانگ مارچ کا اعلان کیا گیا ہے۔