پاکستان میں عظمت شہدا اور حمایت فلسطین کانفرنس کا انعقاد
پاکستان میں بلتستان کے شہر سکردو میں عظمت شہدا اور حمایت فلسطین کانفرنس کا انعقاد کیا گيا۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان میں بلتستان کے شہر سکردو میں مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام عظمت شہدا اور حمایت فلسطین کانفرنس کا انعقاد کیا گيا۔ اس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ سینیٹر علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ فلسطین کے عوام ہمارے سر کا تاج ہے، فلسطینیوں کی صبر و استقامت ہمارے لئے نمونہ عمل ہے۔ انھوں نے کہا کہ غزہ کے مظلوم صبر کے پیکر ہیں، لاشیں زمین پر پڑی ہوئی ہیں لیکن اف تک ان کے زبان پر نہیں ہے۔
علامہ ناصر عباس جعفری نے امریکہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ساری دہشت گرد تنظیمیں امریکہ کی بنائی ہوئی ہیں، فلسطینی کاز کی امام خمینی نے ترجمانی کی کہ وہ مظلوم ہیں اور یہی سید الشہداء حضرت امام حسین ع کا درس ہے کہ مظلوم کے حامی و ناصر رہنا ہے، اس وقت سارے مظلومین متحد اور یکجا ہیں۔
اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان میثم کاظم نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں ان تمام پرعزم افراد کو سلام پیش کرتا ہوں جو اصولی مؤقف پر ڈٹے رہے۔ انھوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی زمینوں پر قبضے کی کوشش ہو رہی ہے، عوامی و علاقائی وسائل پر قابض نہیں ہونے دیں گے، اس ملک کو بنایا تھا ہم ہی اسے بچائیں گے۔