پاکستان: نئے مالی سال کا بجٹ پیش، اپوزیشن کا زبردست احتجاج
آئندہ مالی سال کے لیے 18 ہزار 877 ارب روپے کا بجٹ قومی اسمبلی میں پیش کردیا گیا، اس موقع پر اپوزیشن کے اراکین نے زبردست احتجاج کرتے ہوئے نعرے لگائے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق کے زیر صدارت قومی اسمبلی کا بجٹ 2024-2025 کا اجلاس دو گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا، جس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد نعت رسول مقبول ﷺ پیش کی گئی۔ قومی ترانے کے بعد اسپیکر ایاز صادق نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو بجٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے نئے مالی سال کا بجٹ 18 ہزار 877 ارب روپے حجم کا بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں ترقی کو خاص ہدف رکھا گیا ہے، گزشتہ برسوں کے مقابلے میں اب اقتصادی ترقی تیزی سے ہو رہی ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ وفاقی ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد تک اضافے کے ساتھ ساتھ کم از کم تنخواہ 36ہزار روپے مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے اور ملک کے دفاعی اخراجات کے لیے 21 سو 22 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
اس سے قبل پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس ہوا جس کے دوران وفاقی کابینہ نے آئندہ مالی سال 25-2024 کے بجٹ کی منظوری دی، کابینہ اجلاس میں کسانوں، نوجوانوں اور صنعتوں کے لیے پیکج کی منظوری بھی دی گئی۔