Jun ۲۳, ۲۰۲۴ ۱۲:۱۱ Asia/Tehran
  •  تحریک انصاف اور جمیعت علماء اسلام متحد، حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا اعلان

تحریک انصاف اور جمیعت علماء اسلام نے حکومت کے خلاف مشترکہ جدوجہد کا اعلان کردیا ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان:  پاکستان کی قومی اسمبلی کے سابق اسپیکراور مرکزی رہنما پاکستان تحریک انصاف اسد قیصر کی جمیعت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ملاقات ہوئی جس میں دونوں جماعتوں کے درمیان سیاسی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کمیٹی دونوں جماعتوں کے مابین تحفظات کو دور کرنے اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی کے لیے نکات کا تعین کرے گی۔

دونوں رہنماوں کے درمیان ملک بھر کی سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی جبکہ دونوں رہنماوں کا ملک بھر میں بالخصوص خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

دونوں رہنماوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال ابتر ہوچکی ہے اور آئے روز بدامنی کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے، صوبے میں امن قائم کرنے کے لیے سیاسی جماعتوں کو کردار کرنا ہوگا البتہ فوجی آپریشن کسی مسئلے کا حل نہیں۔

دونوں جماعتوں کے درمیان قومی اسمبلی میں مل کر بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کرنے اور افغانستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان ہمارا پڑوسی برادر ملک ہے اس کے ساتھ اچھے اور مثالی تعلقات کے خواہاں ہیں۔

ملاقات میں دونوں جماعتوں نے بجٹ کو آئی ایم ایف بجٹ اور عوام دشمن بجٹ قرار دے کر مسترد کر دیا۔

واضح رہے کہ 22 مئی کو جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان میں شمولیت اور مشترکہ جدوجہد کے لیے پاکستان تحریک انصاف سے گارنٹی مانگنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ تحریک انصاف کے وفد سے ملاقات کا مقصد تعلقات میں بہتری اور تلخیوں کو دور کرنا ہے اور ہمیں ملک کے اندر خوشگوار سیاسی ماحول کی طرف بڑھنا چاہیے۔ جبکہ 24 مئی کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ مل کر حکومت کے خلاف جلد تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا تھا۔

ٹیگس