Jun ۲۸, ۲۰۲۴ ۱۳:۳۵ Asia/Tehran
  • عمر ایوب مستعفی، تحریک انصاف اختلافات کا شکار؟

پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری عمر ایوب گزشتہ روز اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے۔

سحر نیوز/ پاکستان: تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ عمر ایوب خان کے سیکریٹری جنرل کا عہدہ چھوڑنے کے دانشمندانہ فیصلے کا خیرمقدم کرتا ہوں۔

اپنے ایک بیان میں شیر افضل مروت نے کہا کہ پارٹی کے اہم عہدوں پر فائز چند دیگر افراد کو بھی ان کی پیروی کرنی چاہیے، پارٹی ایک بھی کام پورا کرنے میں ناکام رہی۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی جیل میں ہیں اور مینڈیٹ کی بازیابی ابھی دور ہے، خواتین اور رہنما جیلوں میں بند ہیں، ہم عوام کو ایک عظیم تحریک کے لیے متحرک کرنے میں ناکام رہے۔

شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ بلے کے نشان اور مخصوص نشستوں سمیت کئی مثالیں ہیں، پارٹی کی کور کمیٹی اور سیاسی کمیٹیاں فیورٹ پر مشتمل ہوتی ہیں، پارٹی کے فیصلے میرٹ پر نہیں ہوتے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جنرل سیکریٹری عمر ایوب گزشتہ روز اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے۔

عمر ایوب نے چیئرمین مرکزی فنانس بورڈ پی ٹی آئی کے عہدے سے بھی استعفیٰ دے دیا۔

عمر ایوب نے سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی کے عہدے سے مستعفی ہونے کا خط ٹویٹ کردیا، عمر ایوب نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور چیئرمین بیرسٹر گوہر کے نام اپنے خط میں لکھا ہے کہ بطور سیکریٹری جنرل استعفیٰ منظور کرنے پر بانی پی ٹی آئی کا شکر گزار ہوں، اپوزیشن لیڈر کے عہدے کے لیے مکمل توجہ درکار ہے اس لیے سمجھتا ہوں کہ سیکریٹری جنرل کے عہدے کے ساتھ انصاف نہیں کرسکتا، تاہم تحریک انصاف کے لیے کارکن کے طور پر کام جاری رکھوں گا۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف میں اختلافات سامنے آرہے ہیں اور حال ہی میں شہریار آفریدی اور شاندانہ گلزار سمیت 21 ارکان قومی اسمبلی نے الگ گروپ بنانے کا عندیہ دیا تھا۔

اس سے قبل شیر افضل مروت بھی پارٹی قیادت کی ’نااہلی‘ کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرا چکے ہیں۔

ٹیگس