Jun ۳۰, ۲۰۲۴ ۱۷:۰۳ Asia/Tehran
  • راولاکوٹ جیل کا سپاہی یرغمال،19 قیدی فرار, ایک ہلاک

پولیس کے مطابق فرار ہونے والوں میں دہشت گردی، قتل، اقدامِ قتل اور منشیات فروشی کے قیدی شامل ہیں۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی راولاکوٹ جیل سے بیس قیدی فرار ہوگئے جن میں سے ایک پولیس مقابلے میں مارا گیا، جبکہ باقی 19 کی تلاش کے لئے تمام راستوں کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق راولاکوٹ جیل میں قیدیوں کے فرار کا واقعہ آج دوپہر دو سے ڈھائی بجے کے دوران پیش آیا۔ اس دوران ایک قیدی نے مرکزی دروازے پر موجود پولیس اہلکار کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنایا اور باقی قیدی نکل بھاگے۔

پولیس کی فائرنگ سے ایک قیدی زخمی ہوگیا جو اسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ فرار ہونے والے قیدیوں کا سربراہ غازی شہزاد کالعدم تنظیم سے وابستہ اور گڑالہ پلندری کا رہائشی تھا، جسے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کیا تھا۔

پولیس کے مطابق فرار ہونے والوں میں دہشت گردی، قتل، اقدامِ قتل اور منشیات فروشی کے قیدی شامل ہیں۔

پولیس نے فرار انیس قیدیوں کی تلاش کے لئے ضلع بھر کی ناکہ بندی کرتے ہوئے سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دیا ہے۔

ٹیگس