پارا چنار کے حالات کو کون خراب کر رہا ہے؟
ایم ڈبلیو ایم کے چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پارہ چنار میں امن قائم کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں
سحر نیوز/ پاکستان: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اسلام آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارا چنار میں وہ قوتیں فتنہ کھڑا کر رہی ہیں جنہیں امن کی نہیں جنگ کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کرم ایجنسی میں امن پسند لوگ بستے ہیں ۔ یہاں اسلحہ کی فیکٹریاں ہیں اور نہ ہی منشیات کے اڈے ہیں۔ پارا چنار کے حالیہ پرتشدد واقعات میں بارہ افراد شہید اور درجنوں زخمی ہو چکے ہیں۔
علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پارا چنار میں امن و امان کے قیام میں ناکام نظر آتے ہیں اورمیڈیا پر پارا چنار کے کشیدہ حالات نہیں دکھائے جا رہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم حکومت سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ اس جنگ کو بلاتاخیر روکا جائے۔
سینیٹر علامہ راجا ناصر عباس جعفری نے کہا کہ کرم ایجنسی میں شیعہ سنی وحدت کا عملی مظاہرہ دو ہزار چوبیس کے انتخابات میں سب نے دیکھا اور سراہا گیا ہے ۔ ہم نے اتحاد کے لیے بیس ہزار لاشیں اٹھائی ہیں لیکن کبھی اسلحہ نہیں اٹھایا۔ ہم پارا چنار میں مکمل امن چاہتے ہیں۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ضلع کرم سے ممبر قومی اسمبلی انجینیئر حمید حسین نے کہا کہ ضلع کرم جنگ کی آگ میں جل رہا ہے۔
رکن قومی اسمبلی حمید حسین نے کہا کہ علاقے کے امن کے لیے پارلیمنٹ کے ہر اجلاس میں آواز بلند کرتا ہوں لیکن ایسا لگتا ہے جیسے کوئی سننے کو تیار نہیں ۔ کرم ایجنسی کے لوگوں پر یہ جنگ زبردستی مسلط کی گئی ہے۔ خطے کے عوام کا یہ دو ٹوک فیصلہ ہے کہ کسی دوسری قوت کو کرم ایجنسی میں آنے کی اجازت نہیں دیں گے۔