پاکستانی شہری پر امریکہ میں فرد جرم عائد، وجہ کیا ہے؟
امریکہ میں گرفتار پاکستانی شہری آصف مرچنٹ پر فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔ اس پر امریکی سیاستداں یا سرکاری افسران کے قتل کی ممکنہ سازش کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
سحرنیوز/دنیا: میڈیا رپورٹس کے مطابق دعویٰ کیا گیا ہے کہ مرچنٹ نے سازش کا آغاز اپریل میں کیا جب وہ امریکی حکومت کے افسروں کو قتل کرنے کے ارادے سے کرائے کے قاتل بھرتی کرنے امریکا آیا تھا۔ امریکی محکمہ انصاف کے مطابق آصف مرچنٹ نے بتایا کہ وہ پاکستانی شہری ہے اور پاکستان میں رہتا ہے، کراچی سے تعلق ہے۔ مرچنٹ نے بتایا کہ اُس کے پاکستان میں بیوی بچے ہیں اور ایران میں بھی بیوی بچے ہیں۔
دوسری جانب ترجمان وائٹ ہاؤس کیرین جین پیری کا کہنا ہے کہ آصف مرچنٹ کا ٹرمپ پر قاتلانہ حملے سے کوئی تعلق نہیں ہے جبکہ پاکستان کی وزارت خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ ہم نے میڈیا رپورٹس دیکھی ہیں، امریکی عہدیداروں نے کہا ہے کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم امریکی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں اور مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
ادھر اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نمائندہ دفتر نے آصف مرچنٹ کے حوالے سے ایران پر لگائے جانے والے الزامات کے بارے میں کہا ہے کہ ہمیں اس حوالے سے امریکی حکومت سے کوئی رپورٹ موصول نہیں ہوئی ہے لیکن یہ بات واضح ہے کہ یہ طریقہ شہید قاسم سلیمانی کے قاتل کے خلاف قانونی کارروائی کے سلسلے میں ایرانی حکومت کے پالیسی کے منافی ہے۔