Aug ۲۷, ۲۰۲۴ ۱۲:۴۹ Asia/Tehran
  • پی ٹی آئی ٹوٹ پھوٹ کا شکار، کئی رہنما پارٹی عہدوں سے فارغ

پاکستان تحریک انصاف ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اور اس کے اندرونی اختلافات اب کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا میں مزید اختلافات سامنے آ گئے ہیں اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا (کے پی) نے اراکین اسمبلی عاطف خان اور شیر علی ارباب کو پارٹی عہدوں سے ہٹادیا۔

عاطف خان پی ٹی آئی پشاور ریجن کے صدر اور شیر علی ارباب ضلع پشاور کے صدر تھے۔

عاطف خان نے برطرف وزیر شکیل خان کےحق میں بیان دیا تھا جبکہ شیر علی ارباب نے وزیراعلیٰ پر اعتماد سے متعلق اقرار نامے پر دستخط کرنے سے انکار کیا تھا۔

عاطف خان کی جگہ ارباب عاصم کو پی ٹی آئی پشاور ریجن کا صدر مقرر کیا گیا ہے جب کہ عرفان سلیم کو پی ٹی آئی ضلع پشاور کا صدر اور شہاب ایڈووکیٹ کو جنرل سیکرٹری مقرر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور پنجاب میں بھی سیاسی عہدیداروں کی تبدیلیوں کے لیے کوشاں ہیں۔

پارٹی کے ذرائع کے مطابق علی امین گنڈا پور نے حماد اظہر کو ہٹانے کے لیے متبادل کا نام بھی پیش کیا ہے، علی امین گنڈا پور نے حماد اظہر کو ہٹوا کر شیخ وقاص اکرم کو لانے کے لیے بانیٔ پی ٹی آئی سے سفارش کی ہے۔

پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ حماد اظہر اور میاں اسلم اقبال کے اختلافات کے باعث پنجاب میں اتفاقِ رائے میں مشکلات تھیں، شیخ وقاص کو پنجاب کا پارٹی صدر بنانے کے لیے علی امین اور شبلی فراز بانیٔ پی ٹی آئی کو قائل کر رہے ہیں۔

ٹیگس