اسرائیلی بمباری اور ڈرون حملے عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی: پاکستانی وزارت خارجہ
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ خطے میں اسرائیل کی مہم جوئی مشرق وسطیٰ میں امن کیلئے خطرہ ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسرائیلی فورسز کے حالیہ مظالم کی شدید مذمت کرتا ہے، شہری آبادی پر اسرائیلی بمباری اور ڈرون حملے عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ فلسطین میں فوری طور پر جنگ بندی ہونی چاہیے، فلسطین میں جاری اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں، پاکستان کا فلسطین کی صورتحال پر واضح مؤقف ہے۔
ممتاززہرابلوچ نے کہا کہ خطے میں اسرائیل کی مہم جوئی مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے خطرہ ہے، ممتاز زہرہ بلوچ نے بتایا کہ اسرائیلی دراندازی بین الاقوامی قانون کی ایک اور صریح خلاف ورزی ہے جس میں چوتھے جنیوا کنونشن سمیت مقبوضہ علاقوں میں شہریوں کو بلا امتیاز نشانہ بنانے کی ممانعت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بار بار اسرائیل کی خلاف ورزیاں اور طاقت کا غیر متناسب استعمال بین الاقوامی قانون میں درج اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی ان صریح خلاف ورزیوں کو ختم کرنے کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کرے، فلسطینی عوام کو تحفظ فراہم کرے اور اسرائیل کو غزہ میں بین الاقوامی انسانی قانون کی سنگین خلاف ورزی کرنے، نسل کشی اور جنگی جرائم کے لیے جوابدہ ٹھہرائے۔