Sep ۱۲, ۲۰۲۴ ۱۴:۴۶ Asia/Tehran
  • تحریک انصاف کے گرفتار 10 اراکین اسمبلی پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئے

قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستان تحریک انصاف کے گرفتار 10 اراکین اسمبلی کو پارلیمنٹ ہاؤس پہنچا دیا گیا۔

سحر نیوز/ پاکستان: اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری ارکان پارلیمنٹ کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس پہنچی، پی ٹی آئی کے گرفتار 10 ارکان کو قائم مقام سارجنٹ ایٹ آرمز کے حوالے کیا گیا۔

پی ٹی آئی کے دس ارکان میں شیخ وقاص اکرم، زین قریشی، ملک اویس جھکڑ، ملک عامر ڈوگر، احمد چٹھہ شامل ہیں، زبیر خان وزیر، سید احد علی شاہ، سید نسیم علی شاہ، شیر افضل مروت اور یوسف خان کو بھی پروڈکشن آرڈر پر پارلیمنٹ ہاؤس لایا گیا ہے۔

یاد رہے کہ گرفتار 10 ارکان جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہیں اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ ہاؤس سے گرفتار پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے تھے۔

علاوہ ازیں پارلیمنٹ ہاؤس آمد پر اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب، چیئرمین پی ٹی آئی گوہر علی خان اور صاحبزادہ حامد رضا نے گرفتار اراکین اسمبلی سے ملاقات کی اور خیریت دریافت کی، گرفتار اراکین نے دوران حراست پولیس کے ناروا سلوک کی شکایت کی۔

قبل ازیں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج کا کوئی امکان نہیں، کوئی بھی عوام کے خلاف نہیں جاسکتا،علی امین گنڈاپور کے بیان پر معافی کی ضرورت نہیں، سیاست میں کوئی چیز فائنل نہیں ہوتی ، کوشش کریں گے تناؤ کم ہو ، پارٹی میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں سب متحد ہیں۔

ٹیگس