Sep ۱۲, ۲۰۲۴ ۱۸:۰۹ Asia/Tehran
  • غزہ میں معصوم فلسطینیوں کا قتل عام انسانی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے: پاکستانی وزیراعظم

شہباز شریف نے اسرائیلی بربریت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں قتل و غارت اور معصوم فلسطینیوں کو جیسے شہید کیا جارہا ہے وہ انسانی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے کابینہ کے اجلاس میں اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں قتل و غارت اور معصوم جانوں کو جس طرح شہید کیا جا رہا ہے تو میں سمجھتا ہوں کہ یہ انسانی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے لیکن افسوناک امر یہ ہے کہ عالمی ضمیر خاموش ہے، اقوام متحدہ، سیکیورٹی کونسل میں اور ہیگ کی عالمی عدالت انصاف کی قراردادوں کی اسرائیل نے قطعاً کوئی پرواہ نہیں کی اور ردی کی ٹوکری میں پھینک دیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ عالمی طاقتیں خاموش ہیں، انہوں نے یقیناً سیز فائر کے لیے کوششیں کیں، قراردادیں پاس کرائیں لیکن اس پر کتنا عملدرآمد ہوا اور اس کا نتیجہ یہ ہے کہ اقوام متحدہ کے ریلیف کے کاموں کے لیے جانے والے چھ ورکرز کو قتل کردیا گیا، اگر یہ واقعہ کسی اور ملک میں ہوتا تو طوفان اٹھ جاتا۔

انہوں نے کہا کہ ہر روز وہاں نہتے مسلمان شہید ہو رہے ہیں، 17مسلمان آج بھی شہید ہوئے، جس طرح ہم ماضی میں اسرائیل کی پوری شدومد سے مذمت کرتے آئے ہیں، آج ہم پھر اس کی مذمت کرتے ہیں لیکن معاملہ اب مذمت سے بہت آگے نکل چکا ہے، عالمی ضمیر کو جاگنا چاہیے اور اپنا فرض ادا کرنا چاہیے۔

 

ٹیگس