Sep ۱۶, ۲۰۲۴ ۱۲:۴۱ Asia/Tehran
  • پاکستان: آئینی ترمیم غیر معینہ مدت تک مؤخر

پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما و سینیٹر عرفان صدیقی نے مجوزہ آئینی ترمیم غیر معینہ مدت تک مؤخر ہونے کی تصدیق کردی۔

سحر نیوز/ پاکستان: پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ امکان ہے دونوں ایوانوں کا اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی ہو جائے گا، ترمیم آنے میں ہفتہ دس دن بھی لگ سکتے ہیں، اگر ترمیم نہیں بھی آئی تو کوئی قیامت نہیں آجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ آئینی ترمیم ہو جائے گی اس میں کوئی رکاوٹ نظر نہیں آتی، مولانا فضل الرحمان نے وقت مانگا ہے، وہ بہت ساری چیزوں پر مطمئن تھے، مسودے میں کچھ نکات پر اتفاق کا مسئلہ ہے جو ہر فریق کا حق ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آئینی مسودہ کبھی پبلک نہیں ہوتا، پہلے یہ ایوان میں پیش ہوتا ہے، قانون مطلوبہ اکثریت مانگتا ہے، ہمیں نمبر گیم کا مسئلہ نہیں ہے۔

دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ ابھی جو مسودہ لیک ہوا ہے اس کے مطابق تو کوئی بھی ان سے اتفاق نہیں کر سکتا۔

آئینی ترمیم سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے ساتھ آئینی ترامیم کا مسودہ شیئر نہیں کیا گیا، ہمیں صرف انفارمیشن دی گئی تھی اور اسی کے مطابق ہم غور کر رہے تھے۔

بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ ہمارا مطالبہ تھا کہ مسودہ دے دیں، پہلے ہم اسے دیکھیں اور بحث کریں گے، اگر آپ کے پاس ڈرافٹ ہی نہیں تو ہم نے ڈسکس کس چیز پر کرنا ہے؟

واضح رہے کہ پاکستان میں سنگین معاشی بحران کے درمیان سیاسی قوتوں بلکہ ملک کے اعلیٰ آئینی اداروں کے مابین کشیدگی اور کشمکش بڑھتی نظر آرہی ہے جسے ختم نہ کیا جاسکا تو معاشی بحران اور بدامنی کا عفریت بے قابو ہوسکتا ہے ۔

ٹیگس