خیبرپختونخوا: ویلج کونسل چیئرمین اور سوشل ورکر فائرنگ سے جاں بحق
پاکستان کے صوبے خیبرپختونخوا میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں ویلج کونسل چیئرمین اور سوشل ورکر فائرنگ سے جاں بحق ہو گئے ہیں۔
سحرنیوز/ پاکستان: پاکستان کے صوبے خیبرپختونخوا کے اپر اورکزئی کے علاقے غوز گڑھ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ویلج کونسل چیئرمین عنایت الرحمٰن جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہو گئے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نذیر خان کے مطابق علاقہ غوز گڑھ میں نامعلوم افراد نے گاڑی پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ویلج کونسل چیئرمین عنایت الرحمٰن جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہو گئے۔
ادھر خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو کے علاقے خیساری بانڈہ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے مولانا فدا الرحمٰن جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق رات گئے قتل ہونے والے شخص کی شناخت مولانا فدا الرحمٰن کے نام سے ہوئی ہے۔
مقتول مولانا فدا الرحمٰن مسجد سے اپنے گھر جا رہے تھے کہ نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے ان کو شدید زخمی کر دیا جو ڈی ایچ کیو اسپتال ہنگو منتقلی کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب رہے۔