عالمی یوم امن؛ پاکستان کے صدر اور وزیراعظم کا پیغام
پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اسرائیل نے فلسطین میں دہشت گردی کا بازار گرم کر رکھا ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق آصف علی زرداری نے عالمی یوم امن کے موقع اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہم عالمی یوم امن پر اقوام عالم کے مابین امن کے اصولوں کے ساتھ وابستگی کا اعادہ کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج دنیا کو مختلف علاقوں میں جغرافیائی سیاسی کشیدگی اور تنازعات کا سامنا ہے، تنازعات عالمی امن کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ صدر پاکستان نے اپنے پیغام میں کہا کہ اسرائیل غزہ میں ہزاروں لوگوں کے قتل عام سے فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے بھی عالمی یوم امن کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج کی دنیا بے شمار تنازعات کے باعث تقسیم کا شکار ہے، ہمیں اقوام عالم کے مابین اختلافات کو ختم کرنے اور امن کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے، پاکستان بات چیت کے ذریعے خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے پر پختہ یقین رکھتا ہے، اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے دیرینہ تنازعات کو حل کرنا ضروری ہے۔
محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج کے دن فلسطین کے معصوم لوگوں کی حالت زار کو بھی نظر انداز نہیں کرنا چاہیے، مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور فلسطینیوں کی امنگوں کے مطابق تنازع کا پرامن حل، وقت کی اہم ضرورت ہے۔