لبنان پر اسرائیلی جارحیت اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے: پاکستان
پاکستان نے لبنان پر اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ اسرائیل کو فوری طور پر جواب دہ ٹھہرائے، جہاں تازہ حملوں میں اب تک ہزاروں افراد شہید و زخمی ہوچکے ہیں۔
سحر نیوز/ پاکستان: ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان اسرائیل کی لبنان پر تازہ ترین جارحیت، جس میں ہزاروں بے گناہ شہریوں کا قتل عام کیا گیا، کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لبنان پر یہ جارحیت اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے اور یہ ایک خطرناک فعل ہے جو پہلے سے ہی غیر مستحکم خطے میں امن و سلامتی کو مزید خطرے میں ڈال رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتا ہے اور لبنان کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ہم لبنان کے حقِ امن و سلامتی کے لیے مضبوطی سے کھڑے ہیں۔
انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں اسرائیل کی خطرناک مہم جوئی اور اس کی جارحیت اور نسل کشی کے اقدامات پر اسے فوری طور پر جواب دہ ٹھہرائے۔
واضح رہے کہ قدس کی غاصب صیہونی حکومت کی جانب سے جنوبی لبنان کے علاقوں پر کل اور آج صبح سے جاری شدید اور وحشیانہ بمباری میں کم از کم 558 افراد شہید اور 1835 سے زائد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں سے درجنوں کی حالت نازک ہے ۔