Oct ۰۵, ۲۰۲۴ ۱۲:۱۸ Asia/Tehran
  • پاکستان: سیکورٹی فورسز اور مبینہ دہشتگردوں میں فائرنگ 6 فوجی اہلکار جاں بحق، 8 دہشتگرد ہلاک

شمالی وزیرستان اور سوات میں سیکورٹی فورسز اور مبینہ دہشتگردوں کے درمیان ہونے والی فائرنگ میں 6 فوجی اہلکار جاں بحق جبکہ 8 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے شمالی وزیرستان کے اسپن وام میں سیکورٹی فورسز اور مبینہ دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے دوران 6 مبینہ دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت پانچ فوجی اہلکاروں سمیت جاں بحق ہوگئے۔

دوسری جانب سوات کے علاقے چارباغ میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں سرغنہ سمیت 2 مبینہ دہشتگرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق  قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 4 اور 5 اکتوبر کی درمیانی شب ڈسٹرکٹ سوات کے علاقے چار باغ میں انٹیلجنس بیسڈ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں مبینہ دہشتگردوں کے سرغنہ عطا اللہ مہران سمیت دو دہشتگرد ہلاک ہوگئے جبکہ ایک دہشتگرد کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، علاقے میں پائے جانے والے دیگر دہشتگردوں کو ختم کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے۔

ٹیگس