غزہ اور لبنان کے جنگ سے متاثرین کیلئے امدادی کھیپ روانہ
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نےغزہ اور لبنان کے لیے 14ویں امدادی کھیپ روانہ کردی۔
سحرنیوز/ پاکستان: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) غزہ اور لبنان کے جنگ سے متاثرہ لوگوں کو انسانی امداد کی فراہمی جاری رکھے ہوئے ہے۔
اتوار کو امداد کی 14ویں کھیپ کراچی سے لبنان روانہ کی گئی۔ یہ کھیپ الخدمت فاؤنڈیشن کے تعاون سے بھیجی گئی۔
اس امدادی کھیپ میں تقریباً 17 ٹن سامان شامل ہے جس میں خیمے، کھانے کے ٹن، خشک دودھ، کپڑے اور حفظان صحت کی کٹس شامل ہیں۔ امداد کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بیروت، لبنان کے لیے پرواز کے ذریعے روانہ کی گئی۔
جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر منعقدہ تقریب میں وفاقی وزیر برائے سمندری امور قیصر شاہ نے فلسطین اور لبنان کی جنگ سے متاثرہ آبادیوں کو جاری تنازعات اور متاثرہ برادریوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے امداد فراہم کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے مصیبت میں پھنسے بھائیوں اور بہنوں کی مدد کے لیے حکومت پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور ان کوششوں کو تقویت دینے کے لیے فلاحی تنظیموں اور پاکستانی عوام کے تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
تازہ ترین کھیپ سے قبل پاکستان نے ایک ہزار 281 ٹن امدادی سامان پر مشتمل 12 کھیپیں غزہ اور لبنان روانہ کی تھیں، ان میں سے 10 کھیپیں (ایک ہزار 151 ٹن) غزہ بھیجی گئیں جبکہ دو امدادی کھیپیں (130 ٹن) لبنان روانہ کی گئی تھیں۔
غزہ اور لبنان پر جاری اسرائیلی جارحیت میں لاکھوں فلسطینی اور لبنانی شہید و زخمی اور بے گھر ہوئے ہیں۔