شاعر مشرق علامہ اقبال کا 147واں یوم پدائش، ایرانی سفیر کا خاص پیغام
پاکستان میں آج ہفتہ کو شاعر مشرق علامہ اقبال کا ایک سو سینتالیس واں یوم پیدائش منایا گیا۔
سحر نیوز/ پاکستان: علامہ اقبال کے یوم ولادت کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مزارِ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی ایک پُروقار تقریب منعقد کی گئی۔ پاکستانی بحریہ کے دستے نے مزار اقبال پر اعزازی گارڈ کے فرائض سنبھالے جبکہ پاکستان رینجرز پنجاب کا دستہ، مزار پر اپنے فرائض سے سبکدوش ہو کر رخصت ہو گیا۔
گارڈز کی تعیناتی کے بعد شاعر مشرق کے مزار پر امیرالبحر ایڈمرل نوید اشرف، پاکستان بحریہ کے افسران، سیلرز اور نیوی سویلینز کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔
پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے بھی شاعر مشرق علامہ اقبال کے یوم ولادت کے موقع پر ایک پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کو اسلامی اور انسانی شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال نے اپنے کلام اور شاعری سے دنیا بھر کو حریت کا پیغام دیا ہے۔