عمران خان نے 24 نومبر کو اسلام آباد مارچ کی کال دے دی، فائنل تاریخ آگئی ہم تیار ہیں: علی امین گنڈاپور
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ فائنل تاریخ آگئی ہم تیار ہیں۔
سحرنیوز/ پاکستان: پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد ان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے 24 نومبر کو اسلام آباد نکلنے کی تاریخ دے دی ہے، ووٹرز، ایم این ایز، ایک ایک کارکن اور لیڈرشپ سے کہا ہے کہ یہ موقع فیصلہ کرنا ہوگا، مارشل لاء میں رہنا ہے یا آزاد ہونا ہے۔
علیمہ خان کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا کہ آپ کا چوری کیا گیا ووٹ گنے چنے لوگوں کو دے دیا گیا، سپریم کورٹ کی آزادی چھین لی گئی۔
علیمہ خان نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا اپنے کسانوں، وکلاء، عوام سے مخاطب ہوں، پاکستان کے جس طرح حالات ہیں آپ کو نکلنا ہوگا، وکیلوں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ سپریم کورٹ کے تحفظ کے لیے کھڑے ہوں، سول سوسائٹی نے باہر نکلنا ہے، یہ آپ کا مستقبل ہے، رول آف لاء، عدلیہ، جمہوریت اور چھینے گئے مینڈیٹ کے لیے نکلنا ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فائنل تاریخ آگئی ہے ہم تیار ہیں، ویسے تو ہماری پہلے سے ہی تیاری تھی لیکن اب مزید بہترین طریقے سے تیاری کر کے نکلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی رہائی سمیت مطالبات تسلیم ہونے تک ہماری واپسی نہیں ہو گی، اعلان ہوگیا ہے تو بس اب جانے کی تیاری ہے۔