جی ایچ کیو حملہ کیس: عمران خان سمیت 100 ملزمان پر فرد جرم عائد، عمر ایوب اور راجہ بشارت گرفتار
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت ہوئی، جہاں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے بانی پی ٹی آئی سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کی۔
سحر نیوز/ پاکستان: اڈیالہ جیل راولپنڈی میں جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس کی سماعت کے دوران بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان سمیت 100 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی گئی، فرد جرم عائد ہونے کے بعد قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان اور سابق صوبائی وزیر قانون راجا بشارت کو اڈیالہ جیل کے باہر سے گرفتار کرلیا گیا ۔ اس سے قبل بانی پی ٹی آئی عمران خان کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا، عمر ایوب، شیخ رشید، فواد چوہدری، زرتاج گل، راجہ بشارت سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ اے ٹی سی جج امجد علی شاہ نے کمرہ عدالت میں فرد جرم پڑھ کر سنائی ۔ تاہم بانی پی ٹی آئی سمیت دیگر ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔
خیال رہے کہ سانحہ 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کا مقدمہ تھانہ آر اے بازار میں درج ہے، مقدمےمیں بانی پی ٹی آئی سمیت 143 ملزمان نامزد ہیں، 23 ملزمان کو عدالت پہلے ہی اشتہاری قرار دے چکی ہے۔