پاکستان کے صوبۂ خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں سکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کر کے فتنۃ الخوارج کا ایک انتہائی مطلوب دہشت گرد ہلاک کردیا۔
پاکستان: ٹانک میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں متعدد خوارج ہلاک
پاکستان کے صوبۂ خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں سکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کر کے فتنۃ الخوارج کا ایک انتہائی مطلوب دہشت گرد ہلاک کردیا۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق 17 اور 18دسمبرکی درمیانی شب ٹانک میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پرآپریشن کیا گیا ۔ اس آپریشن کے دوران انتہائی مطلوب خارجی سرغنہ علی رحمان عرف مولانا طحٰہ سواتی ہلاک ہوگیا۔ بتایا گيا ہے کہ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسزنے 7خوارج کو ہلاک کیا جبکہ خارجی علی رحمان عرف مولانا طحہٰ سواتی فتنۃ الخوارج کے اہم سرغنہ مفتی فضل اللہ کا قریبی ساتھی تھا۔ علی رحمان عرف مولانا طحہٰ سواتی نے 2010 میں کالعدم ٹی ٹی پی میں شمولیت اختیار کی۔ دہشتگردوں سے اسلحہ اور بارود سے بھری گاڑی ملی ہے جسے کسی بڑی دہشت گردی کیلئے استعمال ہونا تھا۔
دوسری جانب شمالی وزیرستان اور مہمند میں بھی سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 4 خوارج ہلاک ہوئے ہیں۔ جنوبی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 2 خوارج مارے گئے۔
ضلع مہمند میں بھی سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے جن کے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
آپریشنز میں ہلاک خوارج فورسز اور سویلین کے خلاف دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔