پاکستان نے امریکا کو دیا جواب، اسلام آباد اپنے دفاع کے حق سے دستبردار نہیں ہو گا
ترجمان دفترِ خارجہ پاکستان نے امریکی بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ پاکستان خطرات کو مدِنظر رکھتے ہوئے اپنی دفاعی صلاحیتوں کےحق سے دستبردار نہیں ہو سکتا۔
سحر نیوز/ پاکستان: موصولہ خبروں کے مطابق وزارت خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے ایک تھنک ٹینک میں سینئر امریکی عہدیدار کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی میزائل صلاحیتوں اور ترسیل کے ذرائع سے مبینہ طور پر خطرے کا اظہار افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اسٹریٹجک اور دفاعی منصوبے اس ملک کے عوام سے متعلق ہیں اور اسلام آباد ہرگز آشکارہ اور خفیہ دھمکیوں کے مقابلے میں کم از کم اپنی دفاعی صلاحیتوں کے تحفظ کے حق سے پیچھے نہیں ہٹے گا-
ممتاز زہرا بلوچ نےکہا کہ پاکستان کے خلاف یہ الزامات بےبنیاد اور حقیقت کے برعکس ہیں، پاکستان نے امریکا کے ساتھ تعلقات کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں، پاکستان اور امریکا کے درمیان انیس سو چوّن سے مثبت اور وسیع تر تعلقات رہے ہیں، اور یہ بنیادی حقیقت تبدیل نہیں ہوئی ہے۔