کراچی میں دھرنوں پر پولیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کی شدید مذمت، دھرنوں کا دائرہ سندھ بھر میں پھیلانے کا اعلان
ترجمان ایم ڈبلیو ایم نے کہا ہے کہ اپنے آپ کو جمہوریت کی علمبردار کہنے والی پیپلزپارٹی کی حقیقت قوم کے سامنے آگئی ہے، کراچی میں پرامن احتجاجی دھرنوں کے شرکا پر شیلنگ اور لاٹھی چارج شرمناک اقدام ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: مجلس وحدت المسلمین ( ایم ڈبلیو ایم) کراچی کی قیادت نے پارا چنار کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے کراچی میں دیے گئے دھرنوں پر پولیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہر میں دھرنوں کو مزید منظم کرنے کے ساتھ اسکا دائرہ سندھ بھر میں پھیلانے کا اعلان کردیا۔
مجلس وحدت المسلمین کے مرکزی رہنما اور معروف عالم دین علامہ حسن ظفر نقوی نے نمائش چورنگی پرپریس کانفرنس میں کراچی میں جاری احتجاجی دھرنے پولیس کے ذریعے ختم کرانے پر ہنگامی پریس کانفرنس کے دوران واضح کیا کہ یہ دھرنا جاری رہے گا جو کرنا ہے کرلو، جن مقامات پر دھرنے ختم کیے تھے اب پھر سے وہاں دھرنے دیئے جائیں گے۔
انہوں نے کراچی میں دھرنوں کو مزید منظم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے پوری قوم سے دھرنے پھر سے منظم کرنے اور پورے سندھ میں دھرنوں کی کال دے دی۔
علامہ حسن ظفر نقوی نے اعلان کیا کہ جب تک پارا چنار کا دھرنا جاری رہے گا، ہم بھی بیٹھے رہیں گے اور ہماری نرم آواز کو ہماری کمزروی نہ سمجھا جائے۔
دریں اثنا، ترجمان ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ اپنے آپ کو جمہوریت کی علمبردار کہنے والی پیپلزپارٹی کی حقیقت قوم کے سامنے آگئی ہے، کراچی میں پرامن احتجاجی دھرنوں کے شرکا پر شیلنگ اور لاٹھی چارج شرمناک اقدام ہے۔
ترجمان نے کہا کہ عوام پر تشدد کرنے سے پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال کی تمام تر ذمہ داری پیپلزپارٹی پر عائد ہوگی، پیپلزپارٹی کو اس فسطائیت اور غیر قانونی فیصلوں کی سیاسی قیمت چکانا پڑے گی۔
واضح رہے کہ پارہ چنار میں پرتشدد واقعات کے بعد اظہار یکجہتی کے لیے کراچی میں چند روز سے 12 مقامات پر دھرنے جاری تھے۔ آج صبح پولیس نے شہر میں جاری دھرنوں کو ختم کرانے کے لیے کارروائی شروع کر دی جس کے نتیجے میں مختلف مقامات پر کشیدگی بڑھ گئی ہے۔
عباس ٹاؤن میں دھرنے کے دوران پولیس نے شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کی، جس سے علاقہ میدان جنگ میں تبدیل ہو گیا۔ اطلاع کے مطابق پولیس نے ڈیڑھ گھنٹے میں 5 مقامات پر دھرنے ختم کرائے لیکن پھر 4 مقامات پر دھرنا شروع ہوگیا۔