Jan ۱۷, ۲۰۲۵ ۱۷:۲۶ Asia/Tehran
  • عمران خان کو 14 سال اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 7 سال قید سزا

ایک سو نوے ملین پاؤنڈ ریفرنس میں پاکستان کے سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئي عمران خان کو چودہ سال اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو سات سال قید کی سزاسنائی گئی ہے۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈيا کے مطابق راولپنڈی کی احتساب عدالت کے جج نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کو چودہ سال جبکہ انکی اہلیہ بشریٰ بی بی کو سات سال قید کی سزا سنائی ہے۔ اسکے علاوہ بانی پی ٹی آئی کو دس لاکھ روپے اور بشریٰ بی بی کو پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی گئی ہے۔ عدالت نے القادر یونیورسٹی کو سرکاری تحویل میں لینے کا حکم بھی دیا ہے۔ فیصلہ سناتے وقت بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ان کی بہنیں اور بشریٰ بی بی کمرہ عدالت میں موجود تھیں۔

فیصلے کے مطابق جرمانہ نہ دینے پر عمران خان کو مزید چھے ماہ اور بشریٰ بی بی کو تین ماہ مزید قید ہو گی۔ بانی پی ٹی آئی کو مبینہ کرپٹ پریکٹسز اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر چودہ سال قید کی سزا سنائی گئی، جبکہ خاوند کی مبینہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر بشریٰ بی بی کو سات سال قید کی سزا سنائی گئی۔ تحریری فیصلے کے مطابق بانی پی ٹی آئی القادر ٹرسٹ کیس میں بدعنوانی اور کرپٹ پریکٹس کے مرتکب قرار پائے گئے۔ دوسری جانب تحریک انصاف نے کہا ہے کہ وہ عمران خان کے خلاف عدالتی فیصلے کو ہائيکورٹ میں چیلنج کرے گی۔

 

ٹیگس