پاکستان: حکومت کا جوڈیشل کمیشن بنانے پر مبنی پی ٹی آئی کا مطالبہ ماننے سے انکار
پاکستانی حکومت نے پی ٹی آئی کی جانب سے نو مئی کے واقعات سے متعلق جوڈیشل کمیشن بنانے کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے تحریری جواب تیار کر لیا ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق حکومت پاکستان کی مذاکراتی ٹیم نے تحریک انصاف کے تحریری مطالبات کا جواب تیار کرلیا ہے۔ حکومت کے تحریری جواب میں کہا گیا ہے کہ 9 مئی کے واقعات جوڈیشل کمیشن نہیں بنایا جاسکتا ہے کیونکہ جوڈیشل کمیشن ان معاملات پر بنتا ہےجو عدالت میں زیربحث نہ ہوں جبکہ 9 مئی کے مقدمات عدالتوں میں ہیں اور بعض ملزمان کو ملٹری کورٹس سے سزائیں بھی ہو چکی ہیں۔ واضح رہے کہ حکومت پاکستان اور تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹیوں کے تیسرے اجلاس میں پی ٹی آئی نے تحریری مطالبات حکومت کو پیش کیے تھے جن میں 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن کے علاوہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت دیگر پارٹی قائدین اور ورکرز کی رہائی کا مطالبہ بھی شامل تھا۔