Feb ۰۸, ۲۰۲۵ ۱۳:۱۰ Asia/Tehran
  •  پاکستان تحریک انصاف: احتجاج، یوم سیاہ، کارکنوں کی گرفتاری

پاکستان میں تحریک انصاف کے یوم سیاہ کے اعلان کے بعد پولیس نے سیکورٹی سخت کردی ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: بانی پی ٹی آئی عمران خان کے اعلان پر آج یومِ سیاہ منایا جارہا ہے، اس حوالے سے مرکزی جلسہ صوابی میں ہو رہا ہے، جبکہ قیادت کی جانب سے دیگر شہروں میں بھی احتجاج اور ریلیاں نکالنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ جس پر حکومتی ادارے حرکت میں آگئے ہیں اور پکڑ دھکڑ کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔

ملتان میں پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران شاہ محمود قریشی کی بیٹی مہر بانو قریشی کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے جاوید ہاشمی کے داماد زاہد بہار ہاشمی اور پارٹی ٹکٹ ہولڈر دلیر مہار کو بھی حراست میں لے لیا۔

پولیس کے مطابق پی ٹی آئی رہنماؤں کو پل چھٹہ مخدوم رشید سے اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ احتجاجی ریلی کی قیادت کر رہے تھے۔

اسلام آباد میں تحریک انصاف کے یوم سیاہ کے اعلان کے بعد پولیس نے سیکورٹی سخت کردی ہے۔ سری نگر ہائی وے پر تین خصوصی ناکے قائم کیے گئے ہیں، جبکہ داخلی راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔ پولیس کی جانب سے گاڑیوں کی سخت چیکنگ کی جا رہی ہے اور جڑواں شہروں سے صوابی جانے والے قافلوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 8 فروری کو یوم سیاہ منانے اور جلسے کرنے کے علاوہ احتجاج کا لائحہ عمل دیا تھا، جب کہ انتظامیہ نے سے پی ٹی آئی کے احتجاج جلوس اور جلوسوں پر تین دن کی پابندی عائد کر رکھی ہے، اس کے باوجود پی ٹی آئی کے کارکنوں نے اس پابندی کو توڑ کر پریس کلب کے باھر جمع ہو کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔

ٹیگس