Feb ۱۰, ۲۰۲۵ ۰۹:۱۸ Asia/Tehran
  • فلسطینیوں کے سلسلے میں نیتن یاہو کے بیان کی مذمت؛ پاکستان کے وزیرخارجہ

پاکستان کے نائب وزير اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے صیہونی حکومت کے اس بیان کی سخت مذمت کی ہے جس میں نیتن یاہو نے فلسطینیوں کو بے دخل کرکے سعودی عرب بھیجنے کی بات کی ہے۔

سحرنیوز/پاکستان: ارنا نے اتوار کو پاکستانی وزارت خارجہ کے شعبہ رابطہ عامہ کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ صیہونی حکومت کے وزیر اعظم کا بیان غیر ذمہ دارانہ، اشتعال انگیز اورسخت توہین آمیز ہے۔
پاکستان کے نائب وزیر ا‏عظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈارنے صیہونی وزیر اعظم کے بیان پر دنیا کے سخت ردعمل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس بیان میں ملت فلسطین کے حق خود ارادیت اوراپنی تاریخی آبائی سرزمین میں اپنے لئے ایک ملک رکھنے کے اس کے  مسلمہ قانونی حق کو نظرانداز کیا گيا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے اور فلسطینی مملکت کی تشکیل کی حمایت میں موقف کو کمزور کرنے کی ہرقسم کی کوشش کو افسوسناک سمجھتا ہے۔
پاکستان کے وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ ان کا ملک  فلسطینی عوام کے اپنےلئے ایک  آزاد اور خودمختار ملک رکھنے کے مسلمہ حق پر یقین رکھتا ہے اوراس کا موقف ہے کہ  1967 کے مقبوضہ علاقوں پر مشتمل اس آزاد و خود مختار فلسطینی ریاست کا دارالحکومت بیت المقدس ہونا چاہئے ۔   
اسحاق ڈار نے کہا کہ فلسطینی عوام کو ان کی آبائی سرزمینوں سے بے دخل کرنے کی ہر تجویز ناقابل قبول اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں نیز عدل و انصاف کے اصولوں کے منافی ہے۔ 

ٹیگس