Mar ۰۸, ۲۰۲۵ ۱۷:۵۸ Asia/Tehran
  • پارا چنار کی صورتحال انتہائی تشویشناک، کینسر اور دل کی بیماریوں میں مبتلا 300 بچے جان کی بازی ہار گئے

ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کرم نے صدر پاکستان کو خط لکھ کر ٹل، پاڑہ چنار سڑک کھولنے کی اپیل کی ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کرم نے صدر پاکستان کو خط ارسال کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ ٹل، پاراچنار روڈ گزشتہ 154 دنوں سے بند ہے، روڈ بندش سے پارا چنار میں انسانی بحران پیدا ہوگیا ہے روڈ بند ہونے سے اب تک 300 بچے، کینسر، دل کے مریض اور ذیابطیس کے مریض زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔

خط میں کہا گیا ہے کہ تعلیمی ادارے بند ہونے سے طلباء کی پڑھائی متاثر ہورہی ہے، علاقے کی معاشی حالت تباہ ہوچکی ہے بازار بند پڑے ہیں، پارا چنار میں ڈسٹرکٹ جوڈیشری کے علاوہ باقی تمام سرکاری آفس کام کررہے ہیں، صدر پاکستان روڈ بندش کا نوٹس لیں۔

خط میں بار کونسل نے کہا ہے کہ صدر پاکستان متعلقہ حکام کو روڈ کھولنے اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے احکامات جاری کریں، پاڑہ چنار میں ججز اور عدالتی عملے کی موجودگی یقینی بنانے کے لئے اقدامات اٹھائے۔

پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے شہر پاراچنارمیں پریس کلب کے باہر راستوں کی بندش کے خلاف شہریوں کا احتجاجی دھرنا چوتھے روز بھی جاری ہے، مظاہرین کا راستے کھولنے اور متاثرین کے لئے فوری ریلیف پیکج کا مطالبہ کیا ہے ۔ دھرنے کے منتظمین کے مطابق، عوام کی بڑی تعداد اس دھرنے میں شریک ہے اور مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا۔

ٹیگس