پی ٹی آئی اور جے یو آئی حکومت کے خلاف تحریک چلانے پر متفق؟
پی ٹی آئی اور جمعیت علما اسلام کے قائدین کے درمیان مذاکرات کے لیے ہونے والی ملاقات میں رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان تحریک انصاف اور جمیعت علمائے اسلام کے رہنماؤں کے درمیان اہم اجلاس ہوا، جس کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق، ملاقات میں بانی پی ٹی آئی اور مولانا فضل الرحمان سے مشاورت کے بعد اسی ماہ حتمی لائحہ عمل عوام کے سامنے لانے پر اتفاق کیا گیا۔
دونوں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے اس بات کا بھی جائزہ لیا کہ دونوں جماعتیں مستقبل میں کیسے ایک دوسرے کے ساتھ چل سکتی ہیں اس سلسلے میں مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے پر غوربھی کیا گیا۔
اجلاس میں اس بات پر اتفاق ہوا کہ جو پیشرفت ہوئی ہے، اس پر بانی پی ٹی آئی اور مولانا فضل الرحمان کی حتمی رائے لینے کے بعد رمضان کے دوران مشترکہ لائحہ عمل عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔