Mar ۱۶, ۲۰۲۵ ۱۹:۴۸ Asia/Tehran
  • پاکستان میں ایک اور دھماکہ 30 لوگ جاں بحق اور زخمی

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے نوشکی میں قومی شاہراہ پر بس کے راستے میں دھماکا ہوا جس میں سات افراد جاں بحق اور تیس سے زائد زخمی ہوگئے۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈيا نے سیکورٹی عہدیداروں کے حوالے سے خبردی ہے کہ بس نوشکی سے تفتان کی جانب جا رہی تھی کہ راستے میں دھماکا ہوگیا، جاں بحق ہونے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید کارروائی شروع کر دی جبکہ ریسکیو حکام کی جانب سے جاں بحق اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ دھماکے کے بعد نوشکی کے اسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی۔ 

اسپتال ذرائع کے مطابق دھماکے میں سات افراد جاں بحق اور پینتیس زخمی ہوگئے جبکہ زخمیوں میں سے تین کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ایس ایچ او ظفر بلوچ کے مطابق بس پر حملہ مبینہ طور پر خود کش لگتا ہے۔ پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نوشکی دالبندین شاہراہ پر بس کے راستے میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و اظہارِ تعزیت کرتے ہیں۔

چند روز قبل بلوچستان میں ہی ایک مسافر ٹرین کو ہائي جیک کرکے مسافروں کویرغمال بنالیا گیا تھا جس میں درجنوں مسافرجاں بحق اور زخمی ہوگئے تھے جبکہ تیس سے زائد دہشت گرد سیکورٹی فورسز کی کارروائی میں مارے گئے تھے 

ٹیگس