Apr ۱۵, ۲۰۲۵ ۱۱:۳۹ Asia/Tehran
  • ایران اور پاکستان کے درمیان عدالتی اور قانونی امور سے متعلق تعاون میں توسیع کے لئے پاکستانی عدلیہ کے سربراہ کی تاکید

پاکستانی عدلیہ کے سربراہ نے تہران اور اسلام آباد کے اچھے قریبی روابط کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے، دونوں ملکوں کے درمیان عدالتی اور قانونی تعاون میں زیادہ سے زیادہ توسیع کی تاکید کی ہے

سحرنیوز/پاکستان:  پاکستانی میڈیا کے مطابق ارنا نے منگل کو پاکستان سپریم کورٹ کے شعبہ رابطہ عامہ کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ جسٹس یحیی آفریدی نے اسلام آباد میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر امیری مقدم سے ملاقات میں باہمی روابط بالخصوص عدالتی اور قانونی شعبوں میں روابط کا جائزہ لیا۔ انھوں نے اس ملاقات میں، ایران کے ساتھ پاکستان کے اچھے قریبی روابط کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان عدالتی اور قانونی امور میں  تعاون میں ہمہ گیر توسیع کی ضرورت ہے۔ اس ملاقات میں ایران کے سفیر نے جسٹس آفریدی کو پاکستان سپریم کورٹ کا سربراہ بننے پر مبارک باد پیش کی اور انہیں ایران کے سرکاری دورے کی دعوت دی جو قبول کرلی گئی۔ سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس یحیی آفریدی سے اس ملاقات  میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے تہران اور اسلام آباد کے درمیان قانونی اور عدالتی شعبوں میں انجام پانے والے معاہدوں بالخصوص مجرمین کی حوالگی کے معاہدے پر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا۔  اس ملاقات میں ایرانی عدلیہ کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین غلام حسین اژہ ای کے دورہ اسلام آباد پر بھی اتفاق کیا گیا۔

ٹیگس