Apr ۲۶, ۲۰۲۵ ۱۶:۳۷ Asia/Tehran
  • مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے پاکستان میں شٹر ڈاؤن ہڑتال اور کاروباری مراکز بند

فلسطین بالخصوص غزہ کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے پاکستان کے اکثر شہروں میں شٹر ڈاؤن ہڑتال رہی اور کاروباری مراکز بند ہيں

سحرنیوز/پاکستان:  پاکستانی میڈیا کے مطابق فلسطین بالخصوص اہل غزہ سے اظہار یکجہتی کیلئے جماعت اسلامی اور تاجر تنظیوں کی ہڑتال کی کال پر ملک کے بیشتر شہروں میں کاروباری مراکز بند ہیں۔ راولپنڈی کے راجہ بازار، مری روڈ، صدر اور کمرشل مارکیٹ میں دکانیں بند ہیں جبکہ سڑکوں پر ٹریفک بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔ ڈرگسٹ اینڈ کیمسٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے بھی ہڑتال کی گئي ہے جس کے باعث بیشتر بازاروں میں میڈیکل اسٹور بند ہیں۔ پاکپتن اور گردونواح میں بھی تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز بند ہیں۔ مری میں اہل غزہ سے یکجہتی کے لیے مکمل شٹر ڈاون ہڑتال ہے- پشاور اور کوئٹہ میں بھی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ہڑتال ہے جس کے نتیجے میں شہر میں تمام اہم بازار اور کاروباری مراکز بند ہیں۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی شٹرڈاؤن ہڑتال ہے۔ پاکستان کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے شٹر ڈاؤن ہڑتال ہے جس کے تحت تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز اور دکانیں بند جبکہ سڑکوں پر ٹریفک بھی معمول سے کم ہے۔ کورنگی كراسنگ روڈ پر سیاسی جماعت کی جانب سے فلسطین کے حق میں دھرنا دیا جا رہا ہے جس کے باعث روڈ ٹریفک کے لیے بند ہے جبکہ مظاہرین کی جانب سے سڑکوں کو ٹائر جلا کر ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ پاکستانی قوم فلسطینیوں کی نسل کشی برداشت نہیں کر سکتی اور قوم کو فلسطینیوں سے اظہار محبت اور اسرائیل امریکا کی مذمت کرنا چاہئے۔

ٹیگس