Apr ۲۷, ۲۰۲۵ ۱۱:۴۶ Asia/Tehran
  • امریکی پالیسیاں خطے میں دہشت گردی کا باعث ہیں: پاکستانی وزیر دفاع

پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ خطے میں امریکہ سمیت مغربی ممالک کی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان آج دہشت گردی کا شکار ہے۔

سحرنیوز/پاکستان:  خواجہ محمد آصف نے پاکستان اور ہندوستان کے درمیان پیدا شدہ کشیدگی کے حوالے سے روس کے RT ٹیلی ویژن کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد سفارت کاری اور دیرپا امن کے لیے کوشاں ہے لیکن ساتھ ہی دھمکیوں کا جواب دینے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہندوستان کشیدگی میں اضافہ نہیں کرتا تو پاکستان کوئی فوجی کارروائی نہیں کرے گا۔ بصورت دیگر پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کا متناسب اور اعلیٰ سطح پر جواب دیا جائے گا۔

پاکستانی وزیر اعظم کی جانب سے ہندوستان کو پہلگام پر حالیہ حملے کی شفاف اور آزادانہ تحقیقات کرنے کی تجویز کا حوالہ دیتے ہوئے خواجہ محمد آصف نے کہا کہ اس تجویز کو قبول کرکے نئی دہلی حملے کے اصل مجرموں کی شناخت اور سزا دینے میں مدد کر سکتا ہے۔

پاکستانی وزیر دفاع نے جو خطے میں امریکہ کی جارحانہ پالیسیوں بالخصوص فلسطینیوں کے قتل عام میں صیہونی حکومت کے ساتھ تعاون کے سخت ناقد کے طور پر جانے جاتے ہیں، اعتراف کیا کہ بدقسمتی سے امریکہ کی جنگوں میں ہماری شرکت درست نہیں تھی اور ان جنگوں کا پاکستان سے کبھی کوئی تعلق نہیں تھا۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ امریکیوں کو افغانستان میں سوویت یونین کے ساتھ جنگ ​​میں ہماری مدد کی ضرورت تھی، پھر 11 ستمبر کے حملوں کے بعد انہوں نے ایک بار پھر پاکستان کو اپنا اتحادی قرار دیا، لیکن اس صورتحال نے پاکستان کو دہشت گردی کی آگ میں مبتلا کردیا۔

خواجہ محمد آصف نے کہا کہ آج پاکستان میں ہمیں جن چیلنجز کا سامنا ہے وہ خطے میں مغربی اور امریکی پالیسیوں کا نتیجہ ہے، جو 2021 میں افغانستان سے امریکی انخلاء کے بعد شدت اختیار کرگئیں۔

 

ٹیگس