May ۰۵, ۲۰۲۵ ۱۴:۰۳ Asia/Tehran

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے جنوبی ایشیا کی تازہ ترین کشیدہ صورتحال کے پیش نظر پاکستان اور ہندوستان کے اپنے دورے کے پہلے مرحلے میں آج اسلام آباد میں پاکستان کے اعلی عہدیداروں منجملہ پاکستانی آرمی چیف اور پاکستانی وزیرخارجہ محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔

سحرنیوز/پاکستان: ہمارے نمائندے نے اسلام آباد سے خبردی ہے کہ ایران کے وزیرخارجہ سید عباس عراقچی نے اپنے دورہ اسلام آباد میں اپنے پاکستانی ہم منصب اسحاق ڈار سے ملاقات کی اور علاقے کی تازہ ترین صورتحال پر بات چیت کی۔ پاکستان کی وزارت خارجہ کی عمارت میں پہنچنے پر پاکستانی وزیرخارجہ نے اپنے مہمان وزیرخارجہ کا پراستقبال کیا جس کے بعد دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی معاملات سمیت جنوبی ایشیا کی تازہ ترین صورتحال خاص طور پر پاکستان اور ہندوستان کے مابین کشیدگی اور اس سے پیداہونے والے حالات پر بات چیت کی دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے اسی طرح اقتصادی معاملات اور سرحدی سیکورٹی کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اس سے پہلے اسلام آباد پہنچنے پر ایران کے وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان ہمارا ایک بہترین ہمسایہ ملک ہے جس کے ساتھ ہمارے اچھے اور گہرے تعلقات ہيں انہوں نے اپنے دورے کا مقصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ خطے کی موجودہ صورتحال میں ضروری تھا کہ میں یہ دورہ انجام دوں کیونکہ اس خطے میں امن و استحکام ہمارے لئے بہت ہی اہم ہے اور ہم دونوں فریقوں سے صبرو تحمل کی درخواست کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اعلی عہدیداروں سے ہم بہت ہی قریب سے ملاقات کریں گے اور پاکستان کے صدر اور وزرائے اعظم سے بھی ملاقاتوں کا پروگرام ہے جس میں علاقے کی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔
ایران کے وزیرخارجہ نے ایران اور پاکستان کے تعلقات کی اہمیت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے نزدیک پاکستان کے ساتھ ایران کے تعلقات کی کافی اہمیت ہے اور اسی طرح علاقے دیگر ممالک منجملہ ہندوستان کے ساتھ بھی ہم اپنے تعلقات کو کافی اہمیت دیتے ہیں اور کوشش کریں گے علاقے میں کشیدگی کو کم کرایا جاسکے۔

ٹیگس