غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت کےمقابلے میں ایرانی عوام کی بہادری کو خراج تحسین؛ شہباز شریف
پاکستان کے وزیراعظم شہبازشریف نے غاصب صیہونی حکومت کے جارحانہ حملوں کےمقابلے میں ایرانی عوام کی شجاعت وبہادری کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستان کے وزیراعظم شہبازشریف نے کابینہ کے اجلاس میں علاقے کے حالات کا ذکر اور خاص طور پر ایران پر مسلط کی گئی اسرائیلی جنگ کے رک جانےپر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ خداوندعالم کا لطف و کرم ہے کہ یہ جنگ رک گئی۔ شہبازشریف نے کہا کہ صیہونی حکومت کے حملوں کا ایران کے عوام نے پوری شجاعت اور بہادری کے ساتھ ڈٹ کر مقابلہ کیا اور دباؤ کے سامنے نہيں جھکے۔
پاکستانی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستانی فوج کے سربراہ نے امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات کے بعد استنبول میں ایران کے وزیرخارجہ سے ڈیڑھ گھنٹے ملاقات کی اور اس سلسلے میں پاکستان کے اقدامات کی وضاحت کی جاچکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی صدر سے ٹیلی فونی گفتگو میں بھی فریقین کا اس بات پر مکمل اتفاق تھا کہ جنگ اسرائیل نے شروع کی ہے اور ایران نے صرف اپنا دفاع کیا ہے جو مکمل طور پر قانونی اور جائز تھا۔ پاکستانی وزیراعظم نے کہا کہ ہم اللہ کا شکر اداکرتے ہيں کہ یہ جنگ رک گئی ہے ورنہ اس کے پوری دنیا کے لئے انتہائی خطرناک نتائج نکل سکتے تھے۔