سیلاب کے باعث 18 میگاواٹ پاور کمپلیکس کا عارضی ہیڈ ورکس تباہ، گلگت میں بجلی کا بحران
ڈپٹی کمشنر گلگت کے مطابق نلتر 18 میگاواٹ ہائیڈرو پاور اسٹیشن کو حالیہ سیلابی ریلے کے باعث شدید نقصان پہنچا ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: گلگت کے علاقے نلتر میں ایک بار پھر سیلاب آنے سے 18 میگاواٹ کے پاور کمپلیکس کا عارضی ہیڈ ورکس بہہ گیا۔
پاور ڈویژن کے مطابق نلتر نالے میں دوبارہ طغیانی آنے کے باعث پاور کمپلیکس کو شدید نقصان پہنچا ہے، سیلاب کی وجہ سے ایکسکیویٹر کی رسائی بند ہوگئی ہے اور امدادی کارروائیاں عارضی طور پر روک دی گئی ہیں۔
علاقے کے حکام کے مطابق پاور کمپلیکس کا ہیڈ ورکس سیلاب میں بہہ جانے کے بعد گلگت شہر کو بجلی کی فراہمی مکمل طور پر منقطع ہوگئی ہے، شہر میں بجلی کا مکمل بلیک آؤٹ ہے اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے صورتحال کو معمول پر لانے کی کوششیں جاری ہیں۔
پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ پاور ہاؤس کی بحالی کا کام سیلاب کی صورتحال بہتر ہونے کے بعد دوبارہ شروع کیا جائے گا۔