پاکستان: کراچی میں شدید بارش، پروازیں منسوخ
پاکستان کے شہر کراچی میں مسلسل بارش سے فلائٹ آپریشن متاثر ہوا ہے جس کے نتیجے میں آٹھ پروازیں منسوخ کر دی گئیں جبکہ بیس میں تاخیر ہوئی ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئر پورٹ ذرائع کے مطابق بارش کے دوران اسکردو اور دبئی سے کراچی پہنچی پروازیں لینڈ نہ کر سکیں، اسکردو کی پرواز پی کے چار سو چھپن کو متبادل ایئر پورٹ پر بھیج دیا گیا جبکہ دبئی کی غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز کو ملتان بھیج دیا گیا۔ دوسری جانب کراچی میں ادھورے ترقیاتی کام بارش کے بعد ہی شہریوں کے لیے عذاب بن گئے۔لیاقت آباد ڈاکخانہ پر سیوریج لائن کے گڑھوں میں متعدد گاڑیاں پھنس گئیں۔ سیوریج لائنیں ڈالنے کے بعد گڑھوں کو بند کیے بغیر ہی چھوڑ دیا گیا تھا۔ نارتھ ناظم آباد لنڈی کوتل چورنگی کی سڑک کا ایک حصہ دھنس گیا، سڑک بیٹھنے کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونے پر شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت گڑھے کے اردگرد پتھر رکھ دیے۔ تازہ اطلاعات ہیں کہ کراچی میں ایک بار پھر بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، گشن معمار، ملیر، قائد آباد، شارع فیصل اور ملحقہ علاقوں میں بارش ہو رہی ہے۔