اسلام آباد، تہران اور واشنگٹن کے مابین سفارتکاری کا راستہ ہموار کرنا چاہتا ہے: محمد اسحاق ڈار
پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے ایک پریس کانفرنس کے دوران ایران اور پاکستان کے برادرانہ تعلقات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تہران اور واشنگٹن کے مابین سفارتکاری کا راستہ ہموار کرنے کے لیے تیار ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: محمد اسحاق ڈار نے اس موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران کو پاکستان کا ہمسایہ اور انتہائی اہم دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ، اسلام آباد عالمی اداروں میں سفارتکارانہ طرز عمل کو آگے بڑھانے کی کوشش کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تہران اور واشنگٹن کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
پاکستان کے وزیر خارجہ نے بتایا کہ اپنے دورہ واشنگٹن کے دوران انہوں نے اپنے امریکی ہم منصب سے بھی اس موضوع پر بات چیت کی ہے۔
محمد اسحاق ڈار نے جدہ میں وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے ملاقات اور گفتگو کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ہمسایہ ممالک کے بین الاقوامی معاملات کے حل کرنے کو بھی اپنی ذمہ داری سمجھتا ہے اور ایران اور امریکہ کے مابین سفارتکاری کا قائل ہے۔
انہوں نے 12 روزہ جنگ کے بعد تہران اور اسلام آباد کے قریبی رابطوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان سخت وقت کے دوست ہیں لہذا ایک دوسرے کے مسائل کے حل کرنے میں ایمانداری سے پیش آتے ہیں۔