Sep ۰۸, ۲۰۲۵ ۰۷:۳۷ Asia/Tehran
  • پاکستان:  پنجاب کے پچیس اضلاع اور چار ہزار ایک سو پچپن دیہات سیلاب سے متاثر

ڈائریکٹر جنرل پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ پنجاب کے پچیس اضلاع اور چار ہزار ایک سو پچپن دیہات سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔

سحرنیوز/پاکستان: موصولہ رپورٹ کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا نے بتایا کہ پنجاب میں چھبیس اگست سے اب تک سیلاب کے باعث مختلف حادثات میں اموات کی تعداد چھپن ہو چکی ہے۔ یہ ایسے میں ہے کہ ریلیف کیمپس میں ساٹھ سےستر ہزار لوگ مقیم ہیں جنہیں سہولتیں دی جا رہی ہیں اور پانچ سو کے قریب میڈیکل کیمپس لگائے ہیں جبکہ پونے دو لاکھ افراد کا علاج کیا جاچکا ہے۔پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل نے مختلف اضلاع میں سیلابی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا ریسکیو آپریشن کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملتان میں اگلے بہتر گھنٹے یہی سیلابی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے، جس کو مدنظر رکھتے ہوئے ملتان میں ریسکیو آپریشن تیزی سے جاری ہے۔ سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد اور چنیوٹ اب بحالی کی طرف جا رہے ہیں جبکہ خانیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں سیلابی صورتحال برقرار رہے گی۔ دوسری جانب چیئرمین ٹاسک فورس برائے ایجوکیشن مزمل محمود نے کہا ہے کہ پنجاب میں بدترین سیلابی صورتحال کی وجہ سے سات لاکھ سے زائد بچوں کا تعلیمی سلسلہ عارضی طور پر رُک گیا ہے۔ حالیہ بدترین سیلاب نے پنجاب میں شعبہ تعلیم سمیت تمام شعبوں کو ہی بری طرح متاثر کیا ہے۔

ٹیگس