Sep ۰۸, ۲۰۲۵ ۱۵:۴۰ Asia/Tehran
  • پاکستان:  بلوچستان میں پہیہ جام اور شٹرڈاؤن ہڑتال ،گرفتاریاں

پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں آج پہیہ جام اور شٹرڈاؤن ہڑتال کے دوران پولیس کے کریک ڈاؤن میں کئی رہنما و مظاہرین کو گرفتار کرلیا گیا

سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈيا ذرائع کے مطابق آل پارٹیز کی کال پر بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پہیہ جام اور شٹرڈاؤن ہڑتال کے باعث معمولات زندگی مفلوج ہو گئے، کئی شہروں میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں اور درجنوں رہنما و کارکن گرفتار کر لیے گئے۔ہڑتال کوئٹہ میں بی این پی کے جلسے پر ہونے والے خودکش حملے کے خلاف کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ہڑتال کے دوران کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں کاروباری مراکز، تعلیمی ادارے اور شاہراہیں بند رہیں جبکہ مظاہرین نے کئی مقامات پر قومی شاہراہوں پر رکاوٹیں کھڑی کر کے ٹریفک معطل کر دیا۔

پولیس نے کوئٹہ، دکی اور جعفرآباد سمیت مختلف اضلاع میں کارروائی کرتے ہوئے متعدد سیاسی رہنماؤں کو گرفتار کرلیا جن میں پشتونخوا میپ کے سابق ایم این اے قہار ودان، بی این پی کے لقمان کاکڑ، نیشنل پارٹی کے رہنما عبدالرسول بلوچ بھی شامل ہیں۔

دوسری جانب سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے ہنگامی پریس کانفرنس میں مؤقف اختیار کیا کہ ان کا احتجاج پرامن ہے مگر حکومت اور پولیس تشدد کے ذریعے ہڑتال کو ناکام بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

بی این پی، پشتونخوا میپ، اے این پی اور پی ٹی آئی رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ ان کے کئی کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بنا کر گرفتار کیا گیا ہے۔

ٹیگس