Sep ۰۹, ۲۰۲۵ ۱۶:۲۳ Asia/Tehran
  • نواز شریف: ایران پاکستان روابط کو اعلی ترین سطح  پر پہنچایا جائے

پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ نون کے سربراہ میاں نواز شریف نے صیہونی حکومت کی مسلط کردہ 12 روزہ جنگ میں اسلامی جمہوریہ ایران کی فتح کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم تہران اسلام آباد روابط کو اعلی ترین سطح تک لے جانے کی حمایت کرتے ہیں۔

سحر نیوز/ پاکستان:  مسلم نون کے سربراہ میآں نواز شریف نے پیر کو لاہور میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر رضا امیری مقدم سے ملاقات کی ۔

 اس ملاقات میں لاہور میں صوبہ پنجاب کی وزیر اعلی مریم نواز اور ایرانی کونسلیٹ  کے سربراہ مہران موحد فر بھی موجود تھیں۔

  اسلامی جمہوریہ  ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے اس ملاقات میں ایران پاکستان روابط  اور باہمی تعاون میں فروغ کے تعلق سے مسلم لیگ نون کی پالیسیوں کو قابل تعریف بتایا۔

 انھوں نے اپنی گفتگو میں غزہ میں غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم کا بھی ذکرکیا اور فلسطین کی حمایت میں پاکستان کے موقف کی قدردانی کی۔

 رضا امیری مقدم نے حالیہ بارشوں اور سیلاب سے پاکستان بالخصوص صوبہ پنجاب  میں رونما ہونے والے حوادث پر افسوس کا اظہار کیا اور سیلاب سے نمٹنے میں پنجاب کی وزیر اعلی کے  اقدامات کو قابل تحسین قرار دیا۔

 اس ملاقات میں پاکستان مسلم لیگ نون کے سربراہ اورسابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے علاقے کے حالات اور خاص طور پر تجارت اور توانائی کے شعبوں میں ایران پاکستان روابط کے بارے میں گفتگو کی۔

 انھوں نے صیہونی حکومت کی 12 روزہ جارحیت میں اسلامی جمہوریہ ایران کی فتح کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اس جنگ کے دوران ہماری فکر اور قلب ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ تھے۔

 میاں نواز شریف نے صدرایران کے گزشتہ ماہ کے دورہ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں مسعود پزشکیان کا استقبال بہت اچھا تجربہ تھا۔  

 پاکستان مسلم لیگ نون کے سربراہ نے ایران کے ساتھ پاکستان کے دوستانہ اور مخلصانہ روابط کو اعلی ترین سطح تک پہنچانے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے خلاف گزشتہ صیہونی جنگ کے دوران ہماری ہمدردیاں اور دعائيں ایران کے ساتھ تھیں۔

اس ملاقات میں پاکستان کے صوبہ پنجاب کی وزیر اعلی مریم نواز نے کہا کہ صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے حالیہ دورے سے دونوں ملکوں کے باہمی روابط کی تقویت ہوئی ہے۔  

 انھوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان سیلاب میں گرفتار ہے اور اس تعلق سے ایران کے عوام اور حکومت کی جانب سے ہمدردی اور یک جہتی کے اظہارکو ہم دونوں ملکوں کی اقوام کے گہرے تعلقات کا عکاس سمجھتے ہیں اور اس کی قدردانی کرتے ہیں۔

ٹیگس