غزہ اور دیگر ممالک پر اسرائیلی حملے کس کی سرپرستی میں ہو رہے ہیں؟ پاکستانی وزیر دفاع نے بتا دیا
پاکستان کے وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ کہ مسلم امہ کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے مقامی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ غزہ اور دیگر ممالک پر اسرائیلی حملے بڑی طاقتوں کی سرپرستی میں ہو رہے ہیں، غزہ پر مظالم کی مثال دنیا کی تاریخ میں نہیں ملتی، بڑی طاقتوں نے اربوں ڈالر کا اسلحہ اس قتل عام کے لیے اسرائیل کو مہیا کیا۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سب کو معلوم ہے کہ اسرائیل کی پشت پناہی کون کر رہا ہے، یہ ایک حقیقت ہے کہ اس کے پیچھے برطانوی اور امریکی حکومتیں ہیں، اقوام متحدہ میں جو ووٹ پڑا ہے سب کو معلوم ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم امہ کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے، مسلم امہ کو جاگنا پڑے گا۔ اس لئے بھی کہ اسرائیل اپنا دائرہ وسیع کرتا جا رہا ہے اور اس قسم کی صورتحال میں مسلم امہ پر بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے اس لئے امت مسلمہ کو متحد ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ایشیا کے اندر نیا پاور سینٹر تشکیل پا رہا ہے تاہم انہوں نے اس کی تفصیلات نہیں بتائیں۔